وزیراعلیٰ مریم نواز برازیل کے شہر بیلم کے لیے روانہ ہوگئیں جہاں وہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق عالمی کانفرنس کوپ 30 میں شرکت کریں گی۔
وزیراعلیٰ اجلاس میں پنجاب کے فلیگ شپ ماحولیاتی منصوبوں پر بریفنگ دیں گی اور شرکا کو ستھرا پنجاب پروگرام اور ای موبلٹی منصوبے کے حوالے سے آگاہ کریں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز اجلاس میں کلائمیٹ ریزیلینٹ ریجنل لیڈرشپ کے موضوع پر خطاب کریں گی جبکہ شرکا کو صوبے میں وائلڈ لائف ریفارمز کے ذریعے قدرتی ماحول کے تحفظ کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
بیلم میں قیام کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز کی مختلف عالمی اداروں اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی طے ہیں۔ وہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے نائب صدور، ورلڈ بینک کلائمیٹ چینج کے گلوبل ڈائریکٹر، گلوبل گرین انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کریں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ دورہ ماحولیات اور پائیدار ترقی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس کے دوران وہ عالمی رہنمائوں کو پنجاب میں ماحولیاتی اصلاحات، سبز توانائی کے فروغ اور ماحولیاتی توازن کی بحالی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کریں گی۔