تہران اور اسلام آباد کے درمیان براہ راست پروازوں کا باقاعدہ آغاز

image

تہران اور اسلام آباد کے درمیان فضائی رابطوں کے فروغ کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ماہان ایئر نے پاکستان کے دارالحکومت سے ایران کے دارالحکومت تک براہ راست پروازوں کا آغاز کردیا ہے۔

چھ نومبر کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ماہان ایئر کی افتتاحی پرواز W5-1184 نے تہران کے لیے کامیابی سے ٹیک آف کیا۔ افتتاحی تقریب میں اسلام آباد ایئرپورٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور اے پی ایم آفتاب گیلانی، ایران ایمبیسی کے حکام، سی ایس او اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

ترجمان کے مطابق پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے تمام آپریشنل اور سہولتی انتظامات بہترین انداز میں مکمل کیے تھے، جبکہ افتتاحی پرواز جدید ایئر بس A340 پر آپریٹ کی گئی۔ یہ پرواز مجموعی طور پر 264 مسافروں کو لے کر اسلام آباد سے تہران روانہ ہوئی۔ شیڈول کے مطابق پرواز کا وقت 11:30 تھا جبکہ حقیقی روانگی 12:17 پر عمل میں آئی۔

چیف آپریٹنگ آفیسر آفتاب گیلانی نے کہا کہ ماہان ایئر کی جانب سے اسلام آباد سے تہران کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، ثقافتی اور سیاحتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

ایوی ایشن ماہرین کے مطابق اس اقدام سے پاکستان اور ایران کے درمیان سفری سہولیات بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ خطے میں ہوابازی کے شعبے میں تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US