سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین اور رکنِ قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا کو پشاور سے فیصل آباد جاتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے انہیں اسلام آباد کے قریب ڈی-12 موڑ سے حراست میں لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق صاحبزادہ حامد رضا کئی مقدمات میں مطلوب اور عدالت سے سزا یافتہ ہیں۔
ترجمان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صاحبزادہ حامد رضا نے دو روز قبل رضاکارانہ گرفتاری دینے کا اعلان کیا تھا اور وہ فیصل آباد کی انسدادِ دہشتگردی عدالت میں پیش ہونے جا رہے تھے۔ ان کے مطابق حامد رضا کسی کیس میں اسلام آباد پولیس کو مطلوب نہیں تھے۔
بھائی صاحبزادہ حسن رضا نے بتایا کہ گرفتاری رات دو بجے اسلام آباد میں عمل میں آئی، جس کے بعد انہیں فیصل آباد پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کافی عرصے سے حامد رضا کی گرفتاری کی کوشش کر رہی تھی۔
گرفتاری کے بعد انہیں فیصل آباد سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ صاحبزادہ حامد رضا رواں برس ستمبر میں تحریک تحفظِ آئینِ پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات کے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں اور استعفے کے بعد انہوں نے پارٹی کی ہدایت پر سیاسی سرگرمیاں محدود کر دی تھیں۔