راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس سخت سیکیورٹی انتظامات کے درمیان اپنے مقررہ راستوں سے گزرتے ہوئے پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگئے۔
راولپنڈی کا مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کرنل مقبول پہنچا، جبکہ اسلام آباد کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناعشری میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوسوں کے دوران عزاداروں نے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں جن میں نارووال، سیالکوٹ، شکرگڑھ، فیصل آباد اور لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور شامل ہیں، نویں محرم کے جلوس بھی اپنے اختتامی مراحل طے کرتے ہوئے بخیریت اختتام پذیر ہوگئے۔
ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے تھے۔ جلوسوں کے راستوں پر واقع کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور دکانیں حفاظتی اقدامات کے تحت بند رکھی گئیں، جبکہ بلند و بالا عمارتوں پر سنائپر شوٹرز تعینات کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جاسکے۔
پولیس، رینجرز اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار جلوسوں کے آغاز سے اختتام تک مسلسل نگرانی کرتے رہے۔ جلوسوں کے راستوں پر واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمروں اور نگرانی کے جدید نظام سے بھی سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا۔
عوام اور عزاداروں نے ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہترین انتظامات کی بدولت نویں محرم کے جلوس مکمل امن و سکون کے ماحول میں اختتام پذیر ہوئے، جس سے بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا مثبت پیغام سامنے آیا۔