بھارت کے مشہور و معروف فلم ساز کرن جوہر، جو اپنی بہترین رومانوی فلموں کے لیئے جانے جاتے ہیں، ان کی شخصیت کا ایک اور پہلو ہے ان کے منفرد اور انوکھے کپڑے۔۔
آپ نے دیکھا ہوگا کہ کرن جوہر اکثر و بیشتر رنگین اور فنکی قسم کے کپڑے پہنے دکھائی دیتے ہیں، جو اب ان کی شخصیت کا حصہ بن گیا ہے۔ کچھ لوگ ان کے اس اسٹائل کو پسند کرتے ہیں تو کچھ اس پر تنقید کرتے ہیں۔
حال ہی میں کرن جوہر نے فلم 'بوال' کی اسکریننگ کی تقریب شرکت کی جہاں انہوں نے ایک کالے رنگ کا سوبر سا سوٹ پہنا ہوا تھا، جس کے ساتھ سفید شرٹ اور بلیک ٹائی لگا کر وہ کافی ڈیسنٹ (مہذب) نظر آرہے تھے۔
51 سالہ کرن جوہر نے تقریب کی ایک تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لگائی اور ساتھ ہی کیپشن میں لکھا کہ، " ماں کہتی ہے عمر ہوگئی ہے، ڈھنگ کے کپڑے پہنا کرو۔ "
ساتھ ہی ماں کی کہی بات کو پورا کرتے ہوئے انہیں مخاطب کیا اور لکھا کہ، "ماں آپ کیلئے یہ سیدھا سادہ سوٹ، پر دل پھر بھی کہتا ہے، یہ رنگین اور بھڑکیلے رنگ کب مجھے چھوڑیں گے؟"
کرن کہتے ہیں کہ میری والدہ اکثر مجھے ٹوکتی ہیں اور کہتی ہیں کہ اپنی عمر کے حساب سے کپڑے پہنا کرو۔
کرن جوہر اپنی والدہ ہیرُو جوہر اور یش جوہر کے اکلوتے بیٹے ہیں، اور اب وہ 2 خوبصورت بچوں یش اور رُوہی کے والد بھی ہیں۔