حمیرا اصغر کی میت پوسٹ مارٹم کے بعد لاہور روانہ

image

ڈیفنس فیز 6 کے ایک فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی، جس کے بعد وہ میت لے کر لاہور روانہ ہو گئے۔

اداکارہ کے بھائی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ان کا حمیرا سے آخری بار تقریباً 10 ماہ قبل رابطہ ہوا تھا۔

ایک قریبی عزیزہ کے انتقال کے باعث وہ فوری طور پر کراچی نہیں پہنچ سکے، جس کی وجہ سے میت وصول کرنے میں تاخیر ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم مسلسل پولیس سے رابطے میں تھے اور قانون کے مطابق تمام کارروائی مکمل کروائی گئی ہے۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ حمیرا کی تدفین لاہور میں کی جائے گی۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور موت کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں کو مدِنظر رکھا جا رہا ہے۔

سی ڈی آر میں آنے والے کیب ڈرائیور اور دیگر افراد سے بھی تفتیش کی جائے گی۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق اداکارہ کے موبائل فون کا ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے اور ان تمام افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے جن سے انہوں نے آخری مرتبہ رابطہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو اتحاد کمرشل کے ایک فلیٹ سے اس وقت ملی جب کرائے کی عدم ادائیگی پر مالک مکان کے عدالت پہنچنے پر عدالتی بیلف ان کے گھر پہنچا اور فلیٹ کا دروازہ نہ کھولنے پر دروازہ توڑا گیا تو اداکارہ کی لاش برآمد ہوئی۔

لاش کے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں کراچی پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے بتایا کہ لاش ’ ڈی کمپوز کے انتہائی ایڈوانس اسٹیج ‘ پر ہے جسے دیکھ کر اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ اداکارہ کی موت تقریباً ایک ماہ قبل ہوئی تھی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts