اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے دوران سی ڈی اے، ایم سی آئی اور آئی سی ٹی کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک

image

اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اےکی ہدایت پر ہفتہ کے روز اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے دوران سی ڈی اے، ایم سی آئی اور آئی سی ٹی کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک رہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث کھڑے ہونے والے پانی کی شکایات کو بروقت ریسپونڈ کرنے کے ساتھ ساتھ شاہراہوں پر جمع ہونے والے پانی کو بھی کلئیر کیا گیا۔سی ڈی اےکی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہفتہ کے روز ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ کی جانب سے قائم کی گئی ہیلپ لائن پر مختلف مقامات سے پانی جمع ہونے کی شکایات کے بروقت ازالے کو ممکن بنایا گیا تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سی ڈی اے انتظامیہ کی خصوصی ہدایت پر تیز بارش کے باعث شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لئے بھی متعلقہ شعبہ جات کی جانب سے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے تاکہ شہریوں کو ٹریفک جام جیسے مسائل سے دوچار نہ ہونہ پڑے۔علاوہ ازیں سی ڈی اے، ایم سی آئی اور آئی سی ٹی کی مشترکہ ٹیمیں سی ڈی اے کے سیکٹوریل ایریاز، ہاؤسنگ سوسائٹیز سمیت نان سیکٹوریل ایریاز اور دیگر علاقوں کے نشیبی مقامات میں بھی متحرک رہیں اور ضرورت پڑنے پر گھروں سمیت نشیبی علاقوں سے ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے نکاسی آب میں لوگوں کی مدد کی گئی۔واضح رہے بارشوں کے پیش نظر متعلقہ عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئیں ہیں۔ اسی طرح متعلقہ عملے کی مختلف اوقات میں ڈیوٹیاں بھی تقسیم کردی گئیں ہیں جبکہ نشیبی علاقوں کی سخت نگرانی کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.