پی ایس ایل 9: حسن علی کی عمدہ بولنگ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 118 رنز پر ڈھیر

image

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے جاری نویں ایڈیشن کے 22ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو جیتنے کے لیے 119 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

بدھ کو راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 118 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سعود شکیل نے 33، خواجہ نافع نے 17 اور جیسن روئے نے 15 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ زاہد محمد اور بلیسنگ موزاربانی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز اننگز کا آغاز مثبت کرنے کی کوشش کی اور اس دوران جیسن روئے چند چوکے لگانے میں بھی کامیاب ہوئے۔

تاہم پہلی وکٹ کے لیے کراچی کنگز کے بولرز کو زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور جسین روئے 15 کے انفرادی سکور پر بلیسنگ مُوزاربانی کی گیند پر حسن علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 

پہلی وکٹ گرنے کے بعد سعود شکیل اور خواجہ نافع نے دوسری وکٹ کے لیے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔

دونوں بیٹرز کے درمیان 36 گیندوں پر 47 رنز کی شراکت دیکھنے کو ملی تاہم سعود شکیل نویں اوور کی پہلی گیند پر حسن علی کا شکار بن گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چوتھا بڑا جھٹکا 12ویں اوور کی دوسری گیند پر لگا جب سرفراز احمد کپتان رائلی رُوسو کے ساتھ رن لینے پر الجھن کا شکار ہو کر رن آؤٹ ہوگئے۔ 

کراچی کنگز کی جانب سے بلیسنگ موزاربانی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: کراچی کنگز انسٹاگرام)

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو تیسر نقصان بھی اسی اوور میں اٹھانا پڑ گیا جب دو گیندوں بعد خواجہ نافع 17 کے انفرادی سکور پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائلی رُوسو بھی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 10 رنز کی مختصر اننگز کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

کوئٹہ گلیڈی کے خلاف کراچی کنگز کے بولرز کے وار جاری رہے جس کے نتیجے میں شرفین ردرفورڈ صرف 9 رنز بنا کر بلیسنگ مُوزاربانی کا شکار بن گئے۔

کراچی کنگز کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹیل اینڈرز ریت کی دیوار ثابت ہوئے جس کے نتیجے میں محمد عامر دو، محمد حسنین پانچ جبکہ عثمان طارق صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری میچ میں دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اپنا ساتواں میچ کھیل رہی ہیں۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 118 رنز پر ڈھیر ہوگئی (فوٹو: کراچی کنگز انسٹاگرام)

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل 9 میں اب تک چھ میچز کھیلے ہیں جس میں انہیں چار میچوں میں جیت اور ایک میں شکست حاصل ہوئی۔

کراچی کنگز نے بھی اب تک ٹورنامنٹ میں چھ میچز کھیلے ہیں جس میں انہیں دو میچوں میں فتح جبکہ چار میچوں میں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب دونوں ٹیمیں اب تک پی ایس ایل کی تاریخ میں مجموعی طور 17 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آ چکی ہیں۔

گزشتہ 17 میچوں میں 12 مرتبہ جیت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو حاصل ہوئی جبکہ 5 میچوں میں میدان کراچی کنگز نے مارا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کے خلاف لگاتار گزشتہ پانچ میچ جیتے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلیئنگ الیوناس میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں جیسن روئے، سعود شکیل، خواجہ نافع، رائلی رُوسو (کپتان)، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، شرفین ردرفورڈ، عقیل حسین، محمد حسنین، محمد عامر، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل ہیں۔

کراچی کنگز کی پلیئنگ الیوناس میچ کے لیے کراچی کنگز کی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، ٹم سائفرٹ (وکٹ کیپر)، جیمز ونس، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، عرفان خان نیازی، محمد نواز، حسن علی، زاہد محمود، میر حمزہ اور بلیسنگ مُوزاربانی شامل ہیں۔ 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.