پی ایس ایل 9: 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شدید مشکلات میں، 6 کھلاڑی آؤٹ

image

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے جاری نویں ایڈیشن کے 25ویں میچ میں پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 197 رنز کے ہدف کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ جاری ہے۔

اب سے کچھ دیر پہلے تک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 14 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان کے 97 رنز بنا لیے تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ہدف کے جواب میں مثبت اور پراعتماد آغاز کیا جس میں سعود شکیل اور جیسن روئے نے آسانی سے رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلا نقصان 46 کے مجموعی سکور پر ہوا جب سعود شکیل 24 رنز بنا کر مہران ممتاز کا شکار بن گئے۔

پشاور زلمی نے دوسری کامیابی بھی جلد حاصل کر لی اور جیسن روئے کو لیوک وُڈ کی گیند پر 16 کے انفرادی سکور پر پویلین واپس جانا پڑ گیا۔

گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائلی رُوسو کا بیٹ زلمی کے خلاف بھی خاموش رہا اور وہ ساتویں اوور کی دوسری گیند پر صائم ایوب کی میچ میں پہلی وکٹ بن گئے۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر سعود شکیل 24 رنز بنا کر مہران ممتاز کا شکار بن گئے (فوٹو: پی سی بی)

رائلی رُوسو کے آؤٹ ہونے کے تین گیندوں بعد صائم ایوب نے خواجہ نافع کو بھی صرف ایک رن پر آؤٹ کر لیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پانچویں وکٹ لاؤری ایونز کی صورت میں گری جب وہ عامر جمال کی گیند پر روومان پاول کے عمدہ کیچ کی بدولت آؤٹ ہوئے۔

جمعے کو راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد پشاور زلمی نے 8 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 196 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے بابر اعظم نے 53، ٹام کوہلر کیڈی مور نے 33 اور صائم ایوب نے 30 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عقیل حسین نے ہیٹرک کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سہیل خان اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور زلمی کی اننگز

بابر اعظم اور صائم ایوب کی جانب سے پشاور زلمی کی اننگز کا جارحانہ آغاز کیا گیا۔

دونوں بیٹرز نے محمد عامر اور سہیل خان کے خلاف جارحانہ شاٹس کھیلی۔

یہ اوپننگ جوڑی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے خطرناک بنتی جا رہی تھی کہ سہیل خان نے 30 کے انفرادی سکور پر صائم ایوب کو آؤٹ کر دیا۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد کریز پر بابر اعظم کا ساتھ نبھانے محمد حارث آئے جنہوں نے تحمل مزاجی سے اننگز کا آغاز کیا۔

دوسری وکٹ کے لیے بابر اعظم اور محمد حارث کے درمیان 25 گیندوں پر 47 رنزکی شراکت قائم ہوئی۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے پہلی وکٹ سہیل خان نے حاصل کی (فوٹو: اے ایف پی)

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دوسری کامیابی آٹھویں اوور کی آخری گیند پر ملی جب محمد حارث 20 کے انفرادی سکور پر سنگل لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد پشاور زلمی کے نوجوان بیٹر حسیب اللہ بھی وکٹ پر زیادہ دیر رکنے میں ناکام رہے اور ابرار احمد کی گیند پر صرف 6 رن بنا کر بولڈ ہوگئے۔

جمعے کی شام پنڈی کے میدان میں بابر اعظم ایک مرتبہ پھر سے اپنے روایتی موڈ میں نظر آئے اور اُنہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔

بابر اعظم نے گلیڈی ایٹرز کے بولرز کو خوب تگنی کا ناچ نچایا اور عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے ٹورنامنٹ کی چھٹی ففٹی بنانے میں کامیاب ہوئے۔ 

بابر اعظم 30 گیندوں پر 1 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے (فوٹو: اے ایف پی)

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چوتھی کامیابی بابر اعظم کی وکٹ کی صورت میں ملی جب وہ 30 گیندوں پر 1 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

پشاور زلمی کو پانچویں وکٹ ٹام کوہلر کیڈ مور کی ملی جب وہ 33 کے انفرادی سکور پر محمد حسنین کی گیند پر سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

گلیڈی ایٹرز کے سپنر عقیل حسین نے 16ویں اوور میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے ہیٹرک کر لی۔

انہوں نے 16ویں اوور کی دوسری گیند پر عامر جمال کو پانچ رنز پر پویلین روانہ کیا جبکہ اگلی دو گیندوں پر مہران ممتاز اور لیوک وُڈ صفر رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ 

    View this post on Instagram           A post shared by Pakistan Super League (@thepsl)

پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری یہ میچ پشاور زلمی کا ایونٹ میں نواں میچ ہے۔

اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹورنامنٹ میں آج اپنا آٹھواں میچ کھیل رہی ہے۔

اب تک پی ایس ایل کی تاریخ میں دونوں ٹیموں ایک دوسرے کے خلاف 22 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں۔

ان 22 میچوں میں پشاور زلمی کو 12 مرتبہ فتح حاصل ہوئی جبکہ 10 مرتبہ کامیابی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقدر بنی۔

پی ایس ایل 9 کے پوائنٹس ٹیبل پر اگر نگاہ ڈالی جائے تو پشاور زلمی 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا 9 پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کے ساتھ کے ساتھ تیسرا نمبر ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلیئنگ الیوناس میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں جیسن روئے، سعود شکیل، خواجہ نافع، رائلی رُوسو (کپتان)، عمیر بن یوسف، لاؤری ایونز (وکٹ کیپر)، عقیل حسین، محمد حسنین، محمد عامر، ابرار احمد اور سہیل خان شامل ہیں۔

پشاور زلمی کی پلیئنگ الیوناس میچ کے لیے پشاور زلمی کی ٹیم میں صائم ایوب، بابر اعظم (کپتان)، محمد حارث (وکٹ کیپر)، ٹام کوہلر کیڈ مور، حسیب اللہ خان، روومان پاول، عامر جمال، لیوک وُڈ، نوین الحق، مہران ممتاز اور خرم شہزاد شامل ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.