پی ایس ایل 9: کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو تین وکٹوں سے شکست دے دی

image

پاکستان سپر لیگ سیزن نو کے 26ویں میچ میں کراچی کنگز نے دلچسپ مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔

178 رنز کا تعاقب کراچی کنگز نے 20ویں اوور کی آخری گیند پر سات وکٹوں کے نقصان پرحاصل کیا۔

سنیچر کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے تھے۔

اس فتح کے بعد کراچی کنگز کی پلے آف مرحلے تک رسائی کا امکان بھی پیدا ہو گیا ہے۔

11 مارچ کو ہونے والے 28 ویں میچ میں پشاور زلمی سے اگر کراچی کنگز کامیابی حاصل کر لیتی ہے تو پلے آف مرحلے میں کراچی کنگز کا کم بیک ممکن ہو سکتا ہے

کراچی کنگز کی اننگز

کراچی کنگز کی جانب سے ہدف کے جواب میں مثبت اور پراعتماد آغاز کیا گیا جس میں ٹم سیفرٹ اور جیمز ونس نے آسانی سے رنز بنائے۔

کراچی کنگز کو پہلا نقصان 59 رنز کے مجموعی سکور پر ہوا جب جیمز ونس 42 رنز بنا کر طیب عباس کا شکار بن گئے۔

لاہور قلندرز کو دوسری کامیابی کپتان شان مسعود کی صورت میں ملی اور وہ سکندر رضا کی گیند پر 24 انفرادی رنز بنا کر کلین بولڈ ہوئے۔

اس کے بعد کیرون پولارڈ بھی زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹھہر سکے اور تین رنز بنا کر طیب عباس کی گیند پر شائے ہوپ کو کیچ تھما کر چلتے بنے۔

شعیب ملک نے آخری گیند پر چوکا لگا کر میچ کراچی کنگز کے نام کیا (فوٹو: پی ایس ایل)

کراچی کنگز کی چوتھی وکٹ ٹم سیفرٹ کی صورت میں اس وقت گری جب وہ 36 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد عرفان خان 35 رنز بنا کر شاہین شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

میچ اس وقت دلچسپ صورتحال اختیار کر گیا جب 172رنز کے مجموعی سکور پر 19ویں اوور میں انور علی اور عرفات منہاس یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوگئے۔

پھر میچ کی آخری گیند پر شعیب ملک نے چوکا لگا کر فتح کراچی کنگز کے نام کی۔

شعیب ملک 27 جبکہ حسن علی تین رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے طیب عباس دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سکندر رضا اور زمان خان ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ 

لاہور قلندرز کی اننگز

لاہور قلندرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ تیسرے ہی اوور میں گنوا دی۔ اوپنر مرزا طاہر بیگ سات گیندوں پر صرف چار رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد فخر زمان اور عبداللہ شفیق کی عمدہ بلے بازی نے ٹیم کا مجموعی سکور 177 رنز بنانے میں بنیادی کرادار اداد کیا۔

فخر زمان نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے اور عرفان خان کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔

عبداللہ شفیق 55 اور فخر زمان 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ( فوٹو: پی ایس ایل)

اس کے بعد شائے ہوپ صرف نو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی کی کارگردگی ایک مرتبہ پھر خراب رہی وہ صرف ایک رنز بنا کر چلتے بنے۔

عبداللہ شفیق نے ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔ وہ بلیسنگ مزاربانی کی گیند پر لمبی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں انور علی کو کیچ تھما بیٹھے۔ سکندر رضا 22 اور ڈیوڈ وائس 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے زاہد محمود نے دو جبکہ انور علی اور بلیسنگ مزاربانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی کنگز اور لاہور قلندرز رواں سیزن میں دوسری مرتبہ آمنے سامنے تھیں۔

اس سے قبل 24 فروری کو لاہور میں کھیلے گئے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔

24 فروری کو لاہور میں کھیلے گئے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو دو وکٹوں سے شکست دی تھی(فائل فوٹو: اے ایف پی)

اسلام آباد یونائیٹڈ کے علاوہ تمام ٹیموں کے خلاف کھیلے گئے میچز میں لاہور قلندرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور قلندرز پلے آف مرحلے کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہے۔

کراچی کنگز کی پلیئنگ الیون

جیمز ونس، ٹم سیفرٹ، شان مسعود(کپتان)، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، محمد عرفان خان، انور علی، حسن علی، عرفات منہاس، زاہد محمود اور بلیسنگ مزاربانی کراچی کنگز کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔

لاہور قلندرز کی پلیئنگ الیون

فخر زمان، مرزا طاہر بیگ، عبداللہ شفیق، شائے ہوپ، سکندر رضا، احسن حفیظ بھٹی، ڈیوڈ وائس، جہانداد خان، شاہین شاہ آفریدی(کپتان)، طیب عباس اور زمان خان لاہور قلندرز کی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.