دہلی کے وزیراعلٰی کیجریوال نے دوران حراست پہلا حکم کیا جاری کیا؟

image

دہلی کے وزیراعلٰی اروند کیجریوال نے دوران حراست اپنا پہلا حکم جاری کرتے ہوئے پانی کی کمی سے دوچار علاقوں میں صورتحال بہتر بنانے کے لیے کہا ہے۔

عام آدمی پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیراعلٰی کو چار دن قبل دہلی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ایک معاملے کی تفتیش کے لیے گرفتار کیا تھا۔

حراست کے دوران اپنے پہلے حکم نامے میں وزیراعلٰی نے شہر میں پانی کی فراہمی کے لیے ذمہ دار محکمے کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں ٹینکرز کے ذریعے پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔

انڈیا کے دارالحکومت دہلی کے بعض علاقوں میں گرمیوں کے آغاز پر ہی پانی کی کمی کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

یہ حکم ایک تحریری نوٹ کی شکل میں تھا جو سنیچر کی شام دہلی کے وزیر برائے پانی آتیشی کو بھیجا گیا۔

کیجریوال کی گرفتاری کے بعد عام آدمی پارٹی نے اعلان کیا تھا کہ قیادت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی اور وزیراعلٰی جیل میں بھی ہوں تب بھی حکومت چلائیں گے۔

جمعرات کو دہلی میں شراب پالیسی میں کرپشن کے الزام میں گرفتاری کے بعد مقامی عدالت نے اروند کیجریوال کو 28 مارچ تک تفتیش کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تحویل میں دیا تھا۔

دہلی کے وزیر پانی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیراعلٰی کیجریوال نے محکمے کو ہدایت کی ہے کہ شہر کے متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعلٰی نے پانی کے وزارت کے حکام سے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑے تو اس کے لیے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینا سے بھی مدد لی جائے۔

وزیراعلٰی کیجریوال نے لکھا کہ ’مجھے معلوم ہوا ہے کہ دہلی کے کچھ حصوں میں لوگوں کو پانی اور گٹر سے متعلق مسائل کا سامنا ہے۔ میں اس بارے میں پریشان ہوں۔ لوگوں کو ان مسائل کا سامنا نہیں کرنا چاہیے کیونکہ میں جیل میں ہوں۔‘

کیجریوال نے اپنے حکم میں کہا کہ جہاں پانی کی قلت ہے وہاں پر ٹینکروں کا انتظام کیا جانا چاہیے اور عہدیداروں کو مناسب ہدایات جاری کی جانی چاہیے تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.