ادویات کے ’گمراہ کن‘ اشتہارات بند کریں، عدالت کی یوگا گُرو رام دیو کو وارننگ

image

انڈیا کی سپریم کورٹ نے یوگا گُرو کہلائے جانے والے بابا رام دیو اور ان کی کمپنی  کو وارننگ دی ہے کہ اگر ’گمراہ کن‘ اشتہارات بند نہ کیے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق عدالت نے اشتہار بند نہ کرنے پر توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ اشتہارات میں کہا جا رہا ہے کہ جڑی بوٹیوں سے تیار شدہ ادویات کچھ امراض کو مکمل طور پر ختم کر دیتی ہیں۔

عدالت میں سماعت کے دوران بابا رام دیو اور ان کے شریک بانی اچاریہ بال کرشن عدالت میں موجود تھے جب ان کی کمپنی ‘پتنجلی آیوروید‘ کے خلاف وارننگ جاری کی گئی۔

انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے نے الزام لگایا تھا کہ بابا رام دیو کی کمپنی روایتی ادویات کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور اشتہارات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے کہ اس کی ادویات بلڈ پریشر اور دمے کے امراض کا ’مستقل حل‘ پیش کرتی ہیں۔

گذشتہ برس عدالت کو یہ اشتہارات بند کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی لیکن اس کے باوجود اشتہارات چلائے جا رہے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ وہ کپمنی کی طرف سے پیش کی جانے والی معذرت سے مطمن نہیں ہے اور تفصیل میں بتایا جائے کہ اشتہارات بند کیوں نہیں کیے گئے۔

جسٹس ہیما کوہلی نے رام دیو اور ان کے وکلا سے کہا کہ ’اس توہین کو سنجیدگی سے لیں اور نتائج کے لیے تیار رہیں۔‘

اگرچہ ججز نے یہ نہیں کہا کہ توہین عدالت پر کیا کارروائی کی جائے گی لیکن انڈین قانون کے مطابق اس کی سزا چھ ماہ قید اور جرمانہ ہے۔

پتنجلی  کمپنی کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ عدالتی حکم پر عمل کیا جائے گا۔

عدالت نے رام دیو اور بال کرشن کو 10 اپریل کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)عدالتی کاغذات سے پتہ چلتا ہے کہ پتنجلی نے پچھلے مہینے ججوں کو اشتہارات کے لیے معافی کی درخواست دائر کی تھی، اس کے وکلاء نے منگل کی سماعت کے دوران دوبارہ معافی مانگی تھی۔ تاہم ججز کمپنی کی تحریری معافی پر ناراض ہوئے جس میں ادویات کے قوانین کو ’قدیم‘ قرار دیا گیا۔

جسٹس کوہلی نے کہا کہ ’کیا ہم فرض کر لیں کہ ہر وہ عمل جو قدیم ہے (نافذ نہیں ہونا چاہیے)؟ آپ کی معافی اس عدالت کو قائل نہیں کر رہی ہے۔ ہمارے خیال میں یہ کھوکھلی ہے۔‘

رام دیو کے انڈیا میں کافی پیروکار ہیں اور وہ اپنے ٹی وی شوز کے ذریعے بہت سی بیماریوں کے لیے یوگا اور آیورویدک علاج پیش کرتے ہیں۔

انہیں اکثر ڈاکٹروں اور کارکنوں کے غصے کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو ان کی کمپنی پر دواؤں کی افادیت کے بارے میں غلط دعوے کرنے کا الزام لگاتے ہیں۔

عدالت نے رام دیو اور بال کرشن کو 10 اپریل کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.