سولر پینلز اتنے سستے کیوں ہو گئے کہ انہیں باغات میں لکڑی کی جگہ استعمال کیا جانے لگا؟

image

یورپ سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں سولر پینلز اتنے سستے ہو گئے ہیں کہ انہیں نیدرلینڈز اور جرمنی میں باغات کی باڑ بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

برطانوی بزنس اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق سولر پینلز کی قیمتیں کم ہونے کی وجہ عالمی مارکیٹ میں چینی کمپنیوں کی جانب سے سولر پینلز کی بڑھتی ہوئی پیداوار ہے۔

یورپی ممالک سے سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی کچھ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگوں نے سولر پینلز گھر کی چھتوں پر لگانے کی بجائے باغات کی باڑ (فینس) بنانے کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیے ہیں۔

عام طور پر سولر پینلز کا فائدہ تو چھت پر لگانے سے ہی ہوتا ہے مگر یورپ کے ان ممالک میں پینلز انسٹال کرنے کی لیبر اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ لوگ سولر پینلز کو فینسنگ کیلئے استعمال کرنا مناسب سمجھ رہے ہیں۔

بلومبرگ این ای ایف کی لیڈ سولر اینالسٹ جینی چیز نے کہا ہے ’یہ سولر پینلز سستے ہونے کا نتیجہ ہے کہ ہم انہیں ہر جگہ لگا رہے ہیں۔‘

بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے اندازے کے مطابق عالمی سطح پر سولر پینل کی سپلائی اس سال کے آخر تک 1,100 گیگا واٹ یا موجودہ طلب سے تین گنا زیادہ ہو جائے گی۔

عالمی مارکیٹ میں سولر پینل کی قیمتوں کا رجحان (فوٹو: فنانشل ٹائمز)ایجنسی نے مزید کہا کہ 2023 میں سپاٹ مارکیٹ پر قیمتیں پہلے ہی نصف تک گر چکی ہیں اور 2028 تک ان میں مزید 40 فیصد کمی کا امکان ہے۔

اس کی سب سے بڑی وجہ چین میں سولر ٹیکنالوجی کی مینوفیکچرنگ کا بڑھتا ہوا رجحان ہے۔

ضرورت سے زیادہ سولر پینلز کی سپلائی کے باعث مارکیٹ پر چین کی گرفت حد سے زیادہ بڑھ چکی ہے جس کا امریکہ اور یورب کے مینوفیکچررز مقابلہ کرنے سے قاصر ہیں۔

چینی مینوفیکچررز بھی سولر پینل کی گنجائش سے زیادہ پیداوار کے بعد مسائل سے دوچار ہیں۔ پچھلے مہینے، دنیا کی سب سے بڑی سولر سیل بنانے والی کمپنی لونگی گرین انرجی ٹیکنالوجی نے اعلان کیا کہ وہ زیادہ پیداوار اور کم قیمتوں کے باعث ہزاروں ورکرز کو نوکری سے فارغ کر رہی ہے۔

جہاں دنیا بھر میں سولر پینلز سستے ہوئے ہیں وہیں پاکستان میں بھی ان کی قیمتوں میں واضع کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ گذشتہ برس بھی شمسی توانائی سے بجلی بنانے والے پینلز کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی تھی۔

مارکیٹ میں اس وقت سات سے 15 کلو واٹ سسٹم کی قیمت دو لاکھ روپے تک گری ہے۔ سولر پینلز کی خرید و فروخت کا کام کرنے والے کاروباری افراد کا کہنا ہے کہ مختلف عوامل کی وجہ سے ایسا ہو رہا ہے۔ اور ابھی کچھ وقت تک قیمتوں میں مزید کمی ہو گی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.