حکومت کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، اصلاحات سے کاروباری اعتماد میں بہتری آئے گی، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی اے پی ایم ٹرمینلز کے سی ای او کیتھ سوینڈسن سے ملاقات میں گفتگو

image

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ اصلاحات کے اقدامات سے کاروباری اعتماد میں بہتری آئے گی ، حکومت کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے میں پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں اے پی ایم ٹرمینلز کے سی ای او کیتھ سوینڈسن سے ملاقات کے دوران کیا۔ سفیر جیکب لنلف سیکرٹری میری ٹائم افیئرز، اے پی ایم کے نمائندے اور ایف بی آر و فنانس ڈویژن کے سینئر افسران بھی اس موقع پرموجودتھے۔ وزیر خزانہ نے ڈنمارک کی حکومت کی جانب سے خاص طور پر 2022 کے سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کے لیے گرانٹ اور جنیوا کانفرنس کے دوران 3.8 ملین ڈالر کی گرانٹ کے وعدوں پر تشکر کا اظہار کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں مزید اضافہ کیلئے اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے وفد کو اصلاحات کے حکومتی ایجنڈے سے آگاہ کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس سے کاروباری اعتماد میں بہتری آئے گی اور ملک میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی ۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ حکومت کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے میں پرعزم اور اے پی ایم کے ساتھ خاص طور پر میری ٹائم کے شعبہ میں مستقبل کے منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی خواہشمند ہے۔

کیتھ سوینڈسن نے اے پی ایم ٹرمینلز اور حکومت پاکستان کے درمیان پاکستان میں جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بات چیت کرنے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی پاکستانی مارکیٹ کی صلاحیتوں سے آگاہ ہے اور ملک کی تجارت کو فروغ دینے کیلئے اپنی سرمایہ کاری اور آپریشنز کو بڑھانے میں پرعزم ہے۔ ملاقات میں بحری امور کو بغیر کسی رکاوٹ کے موثر طریقے سے انجام دینے کے لیے کسٹم کے قواعد و ضوابط میں بہتری کی ضرورت کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے اس سلسلے میں وفد کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔فریقین نے اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان مسلسل بات چیت اور تعاون کی اہمیت سے اتفاق کیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.