’کارِ سرکار میں مداخلت‘، اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری

image

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔

جمعے کو جوڈیشل مجسٹریٹ کوئٹہ نے محمود خان اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

پاکستان کی صدر کے انتخاب کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار بننے کے بعد محمود اچکزئی کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا تھا۔

اس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ان کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کرایا تھا۔

اس واقعے کے بعد پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا تھا کہ قومی اسمبلی اجلاس میں حالیہ انتخابات میں دھاندلی اور اس کے ذمہ دار افراد کے خلاف حقائق بیان کرنے پر محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے ضلعی انتظامیہ کے درج مقدمے میں پیش نہ ہونے پر ان کے وارنٹ جاری کیے ہیں اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ محمود خان اچکزئی کو گرفتار کر کے 27 اپریل کو پیش کیا جائے۔

محمود خان اچکزئی حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ’تحریک تحفظ آئین‘ کے نام سے تشکیل دیے گئے اتحاد کے سربراہ بھی ہیں۔

تحریک تحفظِ آئین کا ردعمل

اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’تحریک تحفظ آئین پاکستان کا پورا اتحاد انتظامیہ کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔‘

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’جن کی ایما پر ریاستی مشینری ہمارے خلاف یہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، انہیں باور کرانا چاہتے ہیں کہ ہم اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘

’عوامی حاکمیت اور آئین و قانون کی بالادستی کی یہ تحریک اسی طرح جاری رہے گی۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.