نجی ایئر لائن فلائی جناح کا اسلام آباد اور مسقط کے درمیان پہلی پرواز کا آغاز ، ہفتہ میں دو پروازیں چلائی جائیں گی، نیا روٹ اسلام آباد کو عمان کے شہر مسقط سے ملائے گا

image
اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):پاکستان کی نجی ایئر لائن فلائی جناح نے جمعہ 10 مئی سے اسلام آباد سے عمان کے دارالحکومت مسقط کیلئے پہلی نان سٹاپ پرواز کا آغاز کر دیا، مسقط انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچنے پر پہلی پرواز کا واٹر کینن سلیوٹ کے ذریعے استقبال کیا گیا، نئے روٹ پر دونوں شہروں میں آمد و رفت کیلئے ہفتہ وار دو پروازیں چلائی جائیں گی جس سے مسافروں کو خوبصورت شہر مسقط دیکھنے کے آسان اور سستے فضائی سفر کی سہولت میسر آئے گی۔

ایئر لائن کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق 10 مئی 2024 سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے مسقط انٹر نیشنل ایئر پورٹ کیلئے شروع ہونےوالی پروازوں کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے ۔ یہ ایئر لائن کی تیسری بین الاقوامی پرواز ہے جس کی روانگی کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فلائی جناح کے ترجمان نے کہا کہ فضائی سفر کے مواقع بڑھانے کے لئے مسلسل ترقی اور کامیابی کیلئے پرعزم ہیں، ہمیں فخر ہے کہ اسلام آباد اور مسقط کے درمیان نان سٹاپ پروازیں شروع کی ہیں جو ہماری تیسری بین الاقوامی منزل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ توسیع ملکی اور بین الاقوامی سطح پر زیادہ سستی اور معیاری فضائی سفر کی سہولت پیش کرنے کے لئے ہماری لگن کو واضح کرتا ہے۔

فلائی جناح اپنے مسافروں کو سستے فضائی سفر کی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے ثابت قدم ہے، فلائی جناح اس وقت اپنے پانچ جدید ایئر بس اے – 320 طیاروں پر مشتمل بیڑے کے ساتھ پاکستان کے پانچ بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد،پشاور اور کوئٹہ میں خدمات سر انجام دے رہی ہے، یہ نیا روٹ فلائی جناح کے شارجہ، عرب امارات پر مشتمل بین الاقوامی روٹس کی فہرست میں اضافہ کرے گا۔

فلائی جناح کسی بھی اکانومی کیبن کی انتہائی کشادہ نشستوں کےذریعے فراہم کردہ اضافی آرام کے علاوہ اسکائی کیفے کے آن بورڈ مینو کے ذریعے پرلطف اور سستے سفر کے تجربات پیش کرتا ہے جہاں مسافر کم قیمت پر اسنیکس ، سینڈوچ سمیت مختلف کھانوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ ہمارے ہوائی جہاز اسکائی ٹائم سے بھی لیس ہیں جو ایک مفت اندرون پرواز اسٹریمنگ سروس ہے، جو مسافروں کو دوران پرواز مفت تفریح کے وسیع انتخاب کو براہ راست اپنے الیکٹرونک آلات پر منتقل کرنے کی اجازت دیتی ہے۔ مسافر اب فلائی جناح کی ویب سائٹ (www.flyjinnah.com) یا کال سینٹر(111-000-035) یا ٹریول ایجنسیوں کے ذریعہ پروازوں کی بکنگ کراسکتے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.