صدرابراہیم رئیسی کا پاک ایران تعلقات کو مضبوط اور فروغ دینے کا وژن جاری رہے گا ،ایرانی سفیررضاامیری مغدام

image

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مغدام نے ہیلی کاپٹر کے المناک حادثہ کے نتیجے میں ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور دیگر کی شہادت پر اظہار ہمدردی اور یکجہتی پر حکومت پاکستان اور اس کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں وفد کے سفارتخانہ کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفد نے المناک واقعہ میں صدر رئیسی اور دیگر اعلیٰ حکام کےجاں بحق ہونے پر تعزیت کا اظہار کیا۔ ایرانی سفیر نے پاکستان کو ایران کا عظیم دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر رئیسی کا پاک ایران تعلقات کو مضبوط اور فروغ دینے کا وژن جاری رہے گا اور ان کے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر کئے گئے تمام معاہدوں پر عملدرآمد کیا جائے گا، ایران کی خارجہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔انہوں نے سانحہ پر گہری تشویش کے اظہار اور غم میں شریک ہونے پر صدر اور وزیر اعظم پاکستان کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ مرحوم صدر رئیسی عالم اسلام کے باہمت اور مخلص رہنما تھے۔ امن کے سلسلے میں ان کی کاوشیں اور قوم کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں ، سعودی عرب کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی امت مسلمہ کے لئے ان کی بڑی کامیابیوں میں سے ایک تھی جس نے عالم اسلام کے حقیقی رہنما کے طور پر ان کا قد بلند کیا۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین پر مرحوم صدر کے واضح موقف کو بھی سراہا۔احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ مرحوم ایرانی صدر پاکستان اور ایران کے مابین تجارت کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے خواہشمند تھے اور ہم ان کے اس خواب کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر رئیسی کی شہادت صرف ایرانی قوم کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا نقصان ہے ،اللہ تعالیٰ مرحوم کی ارواح کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔سابق صدر آئی سی سی آئی ظفر بختاوری نے کہا کہ مرحوم ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ایسے سیاستدان تھے جنہوں نے اپنے ملک ، پاک ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کو تقویت دینے کے لیے جو کردار ادا کیا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ایگزیکٹو ممبر مقصود تابش نے ایک یتیم بچے کے اسلامی ریاست ایران کے صدرکے عہدے پر ترقی تک کے عہد ساز شاندار سفر کا ذکر کیا۔ آئی سی سی آئی کے ارکان عمران چنہ، خالد چوہدری بھی وفد کا حصہ تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.