نعمان علی ٹیسٹ میں ہیٹرک کرنے والے پہلے پاکستانی سپنر بن گئے

image
ملتان میں جاری پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم کے سپنر نعمان علی نے اہم کارنامہ سرانجام دیا ہے۔

سنیچر کو 38 سالہ نعمان علی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز ہیٹرک کی ہے۔

سپنر نعمان علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے کیون سنکلیئر، ٹیون املاچ اور جسٹن گریوز کو سلسلہ وار پویلین بھیجا۔

نعمان علی نے پاکستان کے لیے بطور سپنر ٹیسٹ میچ میں ہیٹرک کرنے والے پہلے بولر بننے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

نعمان علی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 12 ویں اوور کی پہلی، دوسری اور تیسری گیند پر سلسلہ وار وکٹیں حاصل کیں۔

نعمان علی نے ملتان ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز میں ہیٹرک سمیت چھ وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے پہلے پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے 26 سال قبل ہیٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا اور ایلیٹ لسٹ میں جگہ بنائی تھی۔

حالیہ عرصے میں فاسٹ بولر نسیم شاہ نے بنگلا دیش کے خلاف 2020 میں یہ کارنامہ سر انجام دیا۔

نعمان علی ٹیسٹ فارمیٹ میں ہیٹرک مکمل کرنے والے پاکستان کے پانچویں بولر بن گئے ہیں۔

یاد رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے ہیٹ ٹرک کرنے والوں کی فہرست میں وسیم اکرم اور نسیم شاہ کے علاوہ عبد الرزاق اور محمد سمیع بھی شامل ہیں جن میں پانچویں کھلاڑی کی حیثیت سے نعمان علی نے بھی شمولیت اختیار کر لی ہے۔

نعمان علی کون ہیں؟نعمان علی سات اکتوبر سنہ 1986 کو صوبہ سندھ کے  ضلع سانگھڑ کی تحصیل کپرو میں پیدا ہوئے۔ بائیں بازو کے سپنر نعمان علی نے پاکستان ٹیم میں اپنا ڈیبیو جنوری 2021 میں 34 برس کی عمر میں کیا۔

نعمان علی کے چچا رضوان احمد پاکستان ٹیم میں آل راؤنڈر کے طور پر کھیل چکے ہیں۔ نعمان علی نے لطیف آباد سے کامرس میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

پاکستان ٹیم میں شامل ہونے سے قبل نعمان علی ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں پرفارم کرتے رہے ہیں جبکہ پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) میں ملتان سلطانز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔

نعمان علی نے ٹیسٹ فارمیٹ میں 18 میچز میں شرکت کر کے 23.70 کی ایوریج کے ساتھ 73 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.