وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کراچی پہنچ گئے، سعید غنی نے استقبال کیا

image

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کراچی پہنچ گئے، وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کراچی ائیرپورٹ پر سہیل آفریدی کا استقبال کیا۔

صوبائی وزیر نے وزیر اعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی اور ساتھ آنے والے کابینہ ارکان کو سندھ کی روایتی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی تین روزہ دورے پر کراچی پہنچے ہیں، قبل ازیں وہ اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے تھے جہاں ان کے دورہ کراچی کا تفصیلی شیڈول جاری کیا گیا تھا۔ اس موقع پر صوبائی کابینہ کے اراکین اور خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے، جبکہ عوام نے ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آج دوپہر 12 بجے انصاف ہاؤس میں اہم ملاقاتیں کریں گے، شام ساڑھے 4 بجے کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو جبکہ رات 10 بجے اسیران سے ملاقات کریں گے۔ ہفتہ 10 جنوری کو وزیراعلیٰ کراچی سے حیدرآباد کے لیے ریلی کی قیادت کریں گے جہاں وہ وکلا، صحافیوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے خطاب کریں گے۔

دورہ حیدرآباد کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا خواتین ونگ اور پارٹی کنونشن میں شرکت، اسٹریٹ موومنٹس کی قیادت اور حیدرآباد ہائی کورٹ بار و پریس کلب سے خطاب بھی کریں گے، جس کے بعد وہ رات گئے کراچی واپس روانہ ہوں گے۔

اتوار 11 جنوری کو وزیراعلیٰ سہیل آفریدی مزار قائد پر حاضری دیں گے اور عوامی خطاب کریں گے، جبکہ کراچی میں تاجر تنظیموں، وکلا اور ایم ڈبلیو ایم کی قیادت سے ملاقاتیں بھی طے ہیں۔ پیر 12 جنوری کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات ہوگی، سندھ ہائیکورٹ بار سے خطاب کے بعد وہ دوپہر کے وقت کراچی سے پشاور روانہ ہوں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US