کراچی کے علاقے کھارادر میں کئی منزلہ عمارت کی چھتیں گر گئیں۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق کھارادر میں ایم سلیمان مٹھائی والے کے قریب عمارت کی چھت اور فرش گرنے کی اطلاع پر رضاکار موقع پر پہنچ چکے ہیں۔
فائربریگیڈ کا عملہ بھی اسنارکل کے ہمراہ موقع پر موجود ہے، امدادی رضاکار فلیٹوں میں موجود مکینوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔
ابتدائی طور پر جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
تنگ گلیوں کے باعث امدادی رضاکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے اب تک 4 خواتین سمیت 9 افراد کو ریسکیو کرلیا، مزید افراد کو ریسکیو کرنے کا عمل جاری ہے۔
ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد پولیس نے متاثرہ مخدوش عمارت "فرزانہ منزل "کو سیل کردیا۔ امدادی کارروائی کے موقع پر علاقہ مکینوں کی کثیر تعداد کے علاوہ بھاری پولیس نفری بھی جائے وقوعہ پر موجود تھی۔