ملائیشیا میں نماز جمعہ ترک کرنے پر قید اور جرمانے کی سزا کا اعلان

image

ملائیشیا کی ریاست ترنکگانو نے بغیر کسی شرعی عذر کے نماز جمعہ ترک کرنے والے مردوں کے لیے سخت سزاؤں کا اعلان کردیا۔

اعلان میں کہا گیا ہے کہ نماز جمعہ چھوڑنے پر ایسے شخص کو سزا کے طور پر 2 سال قید اور 3 ہزار رنگٹ کا بھاری جرمانہ یا دونوں میں سے کوئی بھی ایک سزا سنائی جائے گی۔

یہ اعلان ملائیشین اسلامی پارٹی (پی ایس اے) کے زیر انتظام ریاست ترنکگانو میں رواں ہفتے کیا گیا۔ اس سے قبل قانون کے مطابق تین بار نماز جمعہ ترک کرنے پر کارروائی عمل میں لائی جاتی تھی تاہم نئے ضوابط کے بعد ایک بار نماز چھوڑنا بھی قابل سزا جرم قرار دیا گیا ہے۔

ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ جمعہ کی نماز نہ پڑھنے والے مردوں کے خلاف کارروائی عوامی رپورٹس یا گشتوں کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی۔

اس موقع پر ریاستی ایگزیکٹو کونسل کے رکن محمد خلیل عبدالہادی نے کہا کہ سزا سے پہلے یاد دہانی کروانا ضروری ہے کیونکہ جمعہ کی نماز نہ صرف ایک مذہبی فریضہ بلکہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور فرمانبرداری کی علامت ہے۔ ان کے مطابق سزا صرف ان افراد کو دی جائے گی جو یاد دہانی کے باوجود نماز جمعہ ترک کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US