انسان دوستی سے عالمی شہرت پانے والے ہر دلعزیز امریکی جج فرینک کیپریو چل بسے

image
اپنی انسان دوستی کی وجہ سے عالمی شہرت پانے والے امریکہ کے ہر دلعزیز جج فرینک کیپریو 88 برس کی عمر میں چل بسے۔

ریاست روڈز آئی لینڈ کی میونسپل کورٹ کے چیف جج کو موت کے بعد سوشل میڈیا پر دنیا بھر سے لاکھوں افراد خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

سابق چیف جج فرینک کیپریو اپنے فیصلوں میں انسانی ہمدردی کے جذبات اور سائلین کی مدد کے جذبے کے لیے مشہور تھے۔

فرینک کیپریو کو دو برس سے کینسر کا عارضہ لاحق تھا۔ انتقال سے ایک روز قبل انہوں نے ہسپتال میں بستر مرگ سے اپنے چاہنے والوں سے اپیل کی تھی کہ وہ اُن کے لیے دعا کریں۔

فرینک کیپریو ایک ایسے جج تھے جن کی عدالت میں چھوٹے موٹے جرائم کے مقدمات کی سماعت کی ویڈیوز پوری دنیا میں سوشل میڈیا کے ذریعے دیکھی جاتیں۔

اُن کی عدالت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق مقدمات کی سماعت کے دوران ماحول نہایت دلچسپ ہوتا۔

فرینک کیپریو جن مقدمات کی سماعت کرتے تھے وہ سوشل میڈیا پر شہریوں کو قوانین کا احترام سکھانے کی غرض سے دکھائی جاتی تھیں اور اُن کے فیصلوں کا انداز انتہائی متاثر کن ہوتا تھا۔

سماعت کے دوران جج کیپریو گہرائی میں جا کر یہ جاننے کی کوشش کرتے کہ جرم سرزد کیوں ہوا اور فیصلہ ایسا سناتے جس سے مجرم زندگی میں کبھی دوبارہ اس کام کا تصور بھی نہ کرے۔

جج کیپریو کے انتقال پر ریاست کے گورنر نے پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

گورنر کا کہنا تھا کہ 35 برس تک کمرہ عدالت میں خدمات انجام دینے والے فرینک کیپریو ایک خزانہ تھے جنہوں نے یہ عملی طور پر ثابت کیا کہ اگر انصاف کو انسانیت سے جوڑ دیا جائے تو کیا کچھ ممکن ہوسکتا ہے۔

ایمی ایوارڈ کے لیے نامزد ’پروویڈنس میں پکڑے گئے‘ کے عنوان سے شو میں برسوں تک ان کی خدمات دکھائی جاتی رہی تھیں۔

انسان دوست فیصلوں کے سبب وہ دنیا کے سب سے اچھے جج کی حیثیت سے شہرت رکھتے تھے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US