قلات میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنۃ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک

image

بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی تنظیم فتنۃ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق یہ کارروائی یکم نومبر کی رات دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں چار دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشتگرد مختلف تخریبی اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔فوجی ترجمان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو ختم کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز عزمِ استحکام ویژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں اور غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ کوششیں جاری رہیں گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قلات میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ صدر مملکت اور وزیر اعظم نے بھارتی پشت پناہی میں سرگرم 4 دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم پر قائم ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US