غیر قانونی افغان شہری عزت کے ساتھ واپس جائیں، ورنہ پکڑ کر سزا دی جائے گی، محسن نقوی

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ افغان شہری اب ہمارے مہمان نہیں ہیں اور غیر قانونی افغان باشندوں کو عزت کے ساتھ اپنے وطن واپس جانے کی تلقین کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک بھر سے غیر قانونی افغان شہریوں کو ہر صورت واپس بھیجا جائے گا اور اگر کوئی دوبارہ آیا تو اسے گرفتار کر کے سزا دی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ چند دن قبل ایف سی پر حملہ کرنے والے تینوں دہشت گرد افغان تھے اور اسلام آباد کچہری میں بھی حملہ کرنے والا افغان شہری تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں افغان شہری ملوث ہیں۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ وفاقی حکومت اپریل 2025 تک 11 لاکھ غیر قانونی افغان شہری واپس بھیج چکی ہے جن میں سے 4 لاکھ افراد طورخم بارڈر کے ذریعے وطن واپس گئے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صورتحال مختلف ہے جہاں غیر قانونی افغان باشندوں کو پروٹیکشن دی جا رہی ہے تاہم پشاور اور نوشہرہ میں قائم کیمپس باقاعدہ نوٹیفائی کیے گئے ہیں جبکہ شمالی اور جنوبی وزیرستان کے کیمپس اب بھی فعال ہیں۔

محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ 90 فیصد خبریں غلط چل رہی ہیں اور فیک نیوز پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قومی سلامتی کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا اور جو لوگ بیرونِ ملک بیٹھ کر الزامات لگا رہے ہیں، ان کے پاس ثبوت سامنے لانے ہوں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہر تھانے کے ایس ایچ او کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقے میں موجود غیر قانونی افغان شہریوں کی نشاندہی کریں اور انہیں واپس بھجوانے میں تعاون کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیشت بہتر ہورہی ہے لیکن ملک مزید دہشت گردانہ حملوں کا متحمل نہیں ہوسکتا لہٰذا غیر قانونی افغان شہری عزت کے ساتھ واپس جائیں۔

محسن نقوی نے ایئرپورٹ پر مسافروں کو روکنے اور غیر قانونی سفر کی روک تھام کے حوالے سے کہا کہ روزانہ 50 سے 60 افراد کو آف لوڈ کیا جاتا ہے اور ایف آئی اے تمام ریکارڈ میڈیا کے ساتھ شیئر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی شخص کو غیر قانونی طریقے سے بیرونِ ملک جانے کی اجازت نہیں دے گی اور سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US