وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ پاک فوج اور اس کے سربراہ پر کی جانے والی تنقید محض بلیک میلنگ کا حربہ ہے جس کے ذریعے یہ لوگ دوبارہ اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
اپنے ویڈیو بیان میں طلال چوہدری نے کہا کہ عوام نے پشاور میں پی ٹی آئی کے جلسے میں ان کا اصل چہرہ دیکھ لیا ہے جہاں سوائے گالم گلوچ اور تنقید کے کچھ نہیں تھا۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ کسی کے کندھے پر بیٹھ کر اقتدار تک پہنچنے والے اب اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں معرکہ حق میں دشمن کو شکست دینے والی پاک فوج کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور پی ٹی آئی کے سابق قائد کے ایکس ہینڈل سے روزانہ ملکی اداروں کے خلاف بے جا تنقید کی جاتی ہے۔
طلال چوہدری نے پی ٹی آئی کی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ذہنی مریض کبھی بھی ملک کے حق میں بات نہیں کرے گا، کندھے نہ ہوتے تو آپ وزیراعظم بھی نہیں بن سکتے تھے۔ جو ہری پور کا الیکشن نہیں جیت سکتے وہ لاہور اور فیصل آباد میں کیا مقابلہ کریں گے۔
وزیر مملکت نے زور دیا کہ عوام اور قانون کے لیے ضروری ہے کہ شعبدہ بازوں کو بتایا جائے کہ قانون کی عملداری کیسے ہوتی ہے اور ملک کے اداروں پر بے جا تنقید کی اجازت نہیں دی جائے گی۔