شکارپور: ریلوے ٹریک پر دھماکا، ٹرینوں کی آمد و رفت عارضی معطل

image

شکارپور کے نواحی گاؤں ہمایوں شریف کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکا سکھر ایکسپریس ٹرین کے گزرنے کے بعد پیش آیا، جس کے باعث بڑا حادثہ رونما ہونے سے بچ گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں ریلوے ٹریک کو جزوی نقصان پہنچا ہے، تاہم سکھر ایکسپریس ٹرین محفوظ رہی۔ مقامی مکینوں کے مطابق ٹرین کے گزرنے کے فوراً بعد زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعے کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل ہوگئی ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ ذرائع کے مطابق ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ دھماکا ریلوے ٹریک کے نیچے نصب بارودی مواد کے ذریعے کیا گیا۔

حکام واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ ریلوے حکام کی جانب سے ٹریک کی مرمت کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر علاقے میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے اور ذمہ دار عناصر کی تلاش جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US