تجارت کے فروغ اور تجارتی سامان کی سیکیورٹی کو موثر بنانے کے لیے نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) نے جدید ترین اسکینر سسٹم نصب کر دیے ہیں۔ یہ جدید اسکینرز پاک چین سرحد پر سوست ڈرائی پورٹ اور پاک ایران سرحد پر گبد بارڈر ٹرمنل میں نصب کیے گئے ہیں۔
جدید اسکینرز محض 22 سیکنڈ میں گاڑیوں کو اسکین کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس سے کلیئرنس کے عمل میں نمایاں تیزی آئے گی اور کنٹینرز کے انتظار کا دورانیہ خاطر خواہ حد تک کم ہو جائے گا۔
اہم تجارتی راہداریوں پر اس پیش رفت کے نتیجے میں مجموعی تجارتی کارکردگی میں واضح بہتری متوقع ہے۔ مصنوعی ذہانت سے لیس یہ اسکینرز کوڈ کی درست شناخت کے ساتھ ساتھ تجارتی سامان کی ساخت کا باریک بینی سے تجزیہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ہر اسکین کے ذریعے حاصل ہونے والا ڈیٹا تجارتی عمل میں شفافیت کو فروغ دیتا ہے جبکہ معائنے کے مراحل میں انسانی مداخلت کم ہونے سے قانونی تجارت مزید تیز اور مثر ہو جائے گی۔
چین اور ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی تجارت کے تناظر میں اس پیش رفت کو نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام سرحدی تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔این ایل سی جدید سرحدی انفراسٹرکچر کے ذریعے پاکستان کے تجارتی نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ اور موثر بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔