معروف پاکستانی اداکار اور میزبان فیصل قریشی نے بطور والد اپنے دل کے خدشات اور فکروں پر کھل کر بات کی ہے۔ فیصل قریشی حال ہی میں ایک شو میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی، بچوں سے محبت اور ایک باپ ہونے کی اپنی ذمہ داریوں پر گفتگو کی۔
گفتگو کے دوران فیصل قریشی نے کہا کہ جب انسان کا خاندان ہوتا ہے تو فطری طور پر اس کی فکر بھی ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے بچے ابھی بہت کم عمر ہیں اسی لیے وہ اکثر اپنی اہلیہ سے کہتے ہیں کہ وہ اتنی لمبی عمر چاہتے ہیں کہ اپنے بچوں کو زندگی میں سیٹل ہوتے دیکھ سکیں۔ ان کے مطابق دیر سے پیدا ہونے والے بچوں کے ساتھ سب سے بڑا خوف یہی ہوتا ہے کہ اگر والدین بچوں کے سیٹل ہونے سے پہلے دنیا سے چلے جائیں تو ان کا کیا بنے گا۔
فیصل قریشی نے ملکی حالات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی اور حکومتی سپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ ہمارے سینئر اداکاروں کے انتقال کے بعد انہیں کیا ملا شاید پچاس ہزار یا ایک لاکھ روپے کے چند چیک۔ یہ صورتحال ایک باپ کے لیے مزید پریشانی کا باعث بن جاتی ہے۔
اداکار نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزارنا بے حد پسند کرتے ہیں اور اپنی مصروفیات کے باوجود ان کے لیے وقت نکالتے ہیں۔ فیصل قریشی کے مطابق وہ صبح چاہے نیند پوری نہ بھی کر سکیں مگر بچوں کو اسکول چھوڑنے کا معمول کبھی نہیں چھوڑتے۔
واضح رہے کہ فیصل قریشی اس وقت جیو ٹی وی کے ڈرامہ سیریل “کیس نمبر 9” میں کامران کے کردار میں اپنی شاندار اداکاری کی وجہ سے خوب داد سمیٹ رہے ہیں۔ وہ اپنی اہلیہ ثنا فیصل کے ساتھ خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں اور دو بچوں کے والد ہیں۔