اسلام آباد میں درختوں کی بڑے پیمانے پر کٹائی کے معاملے پر سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل سامنے آ رہا ہے، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فوری طور پر متحرک ہو گئے ہیں اور انہوں نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے سی ڈی اے سے درختوں کی کٹائی سے متعلق مکمل تفصیلات مانگ لی ہیں، جن میں یہ بھی شامل ہے کہ درخت کاٹنے کا ذمہ دار کون ہے اور یہ کارروائی کن منظوریوں کے تحت کی گئی۔
محسن نقوی واقعے کا جائزہ لینے کے بعد اپنی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کریں گے۔ وزیراعظم اس معاملے پر خود نظر رکھے ہوئے ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
ماحولیاتی ماہرین اور شہری حلقوں نے بھی درختوں کی کٹائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ دارالحکومت کے گرین ایریاز کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔