لاہور میں بسنت کے تہوار کی تیاریوں کے دوران محکمہ داخلہ پنجاب نے سخت حفاظتی اقدامات نافذ کر دیے ہیں، جس پر شہریوں میں تشویش بھی پائی جا رہی ہے۔ شہر بھر میں آگاہی پوسٹرز آویزاں کر دیے گئے ہیں جن میں پتنگ بازی سے متعلق جرمانوں اور سزاؤں کی تفصیل درج ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 18 سال سے کم عمر بچوں کی پہلی بار پتنگ بازی پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ دوسری بار خلاف ورزی کی صورت میں والدین کو 1 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ خطرناک ڈور (مانجھا) فروخت کرنے والوں کے لیے 7 سال قید یا 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا مقرر کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بسنت کو محفوظ بنانا ہے تاکہ شہری تہوار سے لطف اندوز ہو سکیں اور قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انتظامیہ نے عوام سے قوانین کی پابندی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔