پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 3 اور 4 جون 2026 کی درمیانی شب ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع مہمند میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مزید 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی دوسرے دہشت گرد کا سراغ لگا کر اسے گرفتار یا ہلاک کیا جاسکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ عزمِ استحکام وژن کے مطابق ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔