آزاد کشمیر میں مہاجرین کی نشستیں ختم کرنے کا مطالبہ بلیک میلنگ ہے، خواجہ آصف

image

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے الیکشن سے پہلے آزاد کشمیر کی اسمبلی میں مہاجرین کی نشستیں ختم کرنے کے مطالبے کو انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کے مترادف قرار دے دیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات 27 جولائی کو شیڈولڈ ہیں، اور ایسے وقت میں عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے پاکستان سے منتخب ہونے والی 12 نشستوں کو ختم کرنے کا مطالبہ بلیک میلنگ تصور ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اس مؤقف کو الیکشن کے دوران عوام کی عدالت میں رکھیں کیونکہ یہی اصل جمہوری سوچ ہوگی۔

خواجہ آصف نے حلقوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ شہر اور تحصیل سے کشمیر اسمبلی کی ایک نشست ہے، جبکہ پاکستان کی قومی اسمبلی کی 2 نشستیں ہیں اور باقی حلقے ملک کے دیگر حصوں میں پھیلے ہوئے ہیں، جہاں کشمیری مہاجرین کی بڑی تعداد بالخصوص جموں سے تعلق رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اکتوبر 1947ء میں 2 لاکھ سے زائد مہاجرین جانوں کی قربانیاں دے کر سیالکوٹ میں آباد ہوئے تھے، اس لیے ان مہاجرین کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے تاکید کی کہ کسی بھی رائے کو تسلیم کرانے کے لیے دباؤ کے بجائے جمہوری راستہ اپنایا جانا چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US