وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ترقیاتی، دفاعی، سیکیورٹی اور مواصلاتی منصوبوں کے لیے اربوں روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹس (TSGs) اور مختلف پالیسی اقدامات کی منظوری دے دی گئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق ای سی سی نے پائیدار ترقیاتی اہداف (SAP) پروگرام کے تحت 7 ارب 2 کروڑ 63 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی، جس کا مقصد جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنا اور لاگت میں اضافے سے بچاؤ ہے۔
کمیٹی نے پاکستان نیوی کے ہنگور منصوبے کے لیے رافیل ایئرکرافٹ اینڈ فورس ڈیولپمنٹ پیکیج (RAFDP)-2030 کے تحت 10 ارب 15 کروڑ روپے کی گرانٹ بھی منظور کی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے پیش کی گئی 7 مختلف سمریوں کی منظوری دی گئی جن میں اسلام آباد امن مذاکرات کے سیکیورٹی انتظامات کے لیے 69 کروڑ 29 لاکھ روپے، ترلائی امام بارگاہ خودکش دھماکے کے متاثرین کے معاوضوں کے لیے 24 کروڑ 10 لاکھ روپے، پاکستان لینڈ پورٹس اتھارٹی کے آپریشنل اخراجات کے لیے 52 کروڑ 80 لاکھ روپے اور پاکستان کوسٹ گارڈز کے لیے فاسٹ پیٹرول بوٹس اور متعلقہ انفراسٹرکچر کی خریداری کے لیے 80 کروڑ روپے شامل ہیں۔
ای سی سی نے اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کی توسیع کے لیے ایک ارب 88 کروڑ 37 لاکھ روپے، نیکٹا کے آپریشنل اخراجات کے لیے 15 کروڑ روپے اور ریکوڈک منصوبے سے متعلق سیکیورٹی اخراجات کے لیے 41 کروڑ 39 لاکھ روپے کی منظوری بھی دی۔
اجلاس میں پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی) کے ملازمین کی جون 2026 کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے 73 کروڑ 30 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ گلگت بلتستان کے ضلع شگر میں ٹیلی کام ٹاورز کی تنصیب اور موبائل کوریج بہتر بنانے کے لیے اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (SCO) کو 18 کروڑ 35 لاکھ روپے فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
ای سی سی نے پارلیمانی سیکریٹریز کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کے باعث اخراجات پورے کرنے کے لیے وزارت پارلیمانی امور کو 11 کروڑ 99 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی۔
اجلاس میں کراچی اور حیدرآباد اربن انفراسٹرکچر پیکیجز کے لیے 8 ارب 75 کروڑ 89 لاکھ روپے جبکہ خیبر پختونخوا کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 2 ارب 84 کروڑ روپے پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (PIDCL) کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
کمیٹی نے پاکستان منٹ کی جدید کاری کے منصوبے کے لیے ایک ارب 30 کروڑ روپے اور گلگت بلتستان کے جاری اخراجات اور ترجیحی منصوبوں کے لیے 4 ارب 37 کروڑ 70 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی۔
ای سی سی نے پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کے لیے 100 ارب روپے کی حد تک سنڈیکیٹڈ رننگ فنانس سہولت جاری رکھنے اور سینرجیکو پاکستان لمیٹڈ کے ساتھ آئل ریفائننگ پالیسی 2023 کے تحت معاہدے کے نظرثانی شدہ فریم ورک کی بھی منظوری دی، جس سے لیٹ پیمنٹ سرچارج کے مسئلے کے حل اور ریفائنری اپ گریڈیشن میں مدد ملے گی۔
علاوہ ازیں اقتصادی امور ڈویژن کے رہائشی کرایوں کی ادائیگی کے لیے تقریباً 3 کروڑ روپے اور پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کی جامع مسجد کی توسیع و اپ گریڈیشن کے لیے 3 کروڑ روپے کی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔