گلگت بلتستان میں میرٹ پر روزگار دیں گے، بلاول بھٹو زرداری

image

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات تین نسلوں پر محیط ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔

ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کی معاشی ترقی کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا اور سرمایہ کاری و ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران پورے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں ناکام رہے ہیں، تاہم اگر پیپلز پارٹی انتخابات میں کامیاب ہوئی تو گلگت بلتستان میں نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار فراہم کیا جائے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں 50 ہزار میگاواٹ تک بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، جسے بروئے کار لا کر نہ صرف علاقے بلکہ پورے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا جاسکتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بعض عناصر صدر آصف علی زرداری کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اور انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا تھا اور اب ان کا نواسہ آئین اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحفظ کے لیے تمام جمہوری قوتوں کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا تاکہ صوبوں کے آئینی اختیارات اور وفاقی اکائیوں کے حقوق کا دفاع کیا جاسکے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے ایسی پالیسیاں ضروری ہیں جن کا مرکز امیر طبقہ نہیں بلکہ غریب اور متوسط طبقے کے عوام ہوں، کیونکہ حقیقی ترقی عوامی فلاح اور معاشی انصاف سے ہی ممکن ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US