جی بی میں پرامن انتخابات پر مبارکباد، وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کو اکثریتی جماعت قرار دے دیا

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں شفاف، پرامن اور بھرپور سیاسی سرگرمیوں کے ساتھ انتخابات کے انعقاد پر عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی اکثریتی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، جس پر وہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بھی مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدواروں کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جماعت نے اچھا مقابلہ کیا اور ان کی انتخابی ٹیم نے بھرپور محنت کی۔

وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے تمام کامیاب امیدواروں کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ سیاسی عمل میں عوام کی بھرپور شرکت قابلِ تحسین ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پرامن، شفاف انتخابات اور سیاسی سرگرمیاں جمہوریت کا حسن ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کو یقینی بنایا جو قابلِ ستائش ہے۔

انہوں نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کے مؤثر کردار کے باعث انتخابات پرامن ماحول میں مکمل ہوئے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US