وفاقی حکومت کے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی پیشی کی تاریخ میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ ذرائع کے مطابق بجٹ 10 جون کے بجائے 12 جون کو پیش کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ کی تاریخ میں ردوبدل کے حوالے سے مشاورت جاری ہے اور اس سلسلے میں حتمی فیصلہ آج یا کل متوقع ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران اس بات کی تصدیق کی کہ بجٹ سے متعلق کئی اہم معاملات ابھی تک حتمی شکل اختیار نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ کی تیاری کے حوالے سے مختلف امور پر مشاورت جاری ہے اور کئی نکات کو ابھی فائنل کیا جانا باقی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت محدود ہے جبکہ محرم الحرام کی آمد بھی پیش نظر ہے، جس کے باعث تمام معاملات کو مقررہ وقت میں مکمل کرنا ایک چیلنج ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ موجودہ شیڈول کے مطابق بجٹ پیش کرنا کس حد تک ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ دستاویزات میں بعض تبدیلیاں بجٹ پیش ہونے کے بعد بھی جاری رہتی ہیں۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ فی الحال بجٹ پیش کرنے کی تاریخ میں تبدیلی کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا اور اس بارے میں جلد فیصلہ سامنے آجائے گا۔