آزاد کشمیر: شوکت نواز میر کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج

image

محکمہ داخلہ حکومت آزاد جموں و کشمیر نے شوکت نواز میر اور خواجہ مہران ارشد کے خلاف مبینہ بغاوت اور ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزامات کے تحت باضابطہ قانونی کارروائی اور تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشنز کے مطابق شوکت نواز میر کے خلاف تقاریر، تحریروں، اشاعتوں اور الیکٹرانک مواصلات سے متعلق مواد کی تحقیقات کی جائیں گی، جو مبینہ طور پر تعزیراتِ آزاد جموں و کشمیر کی دفعہ 124-A کے تحت جرم کے زمرے میں آسکتا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دستیاب ریکارڈ اور شواہد کے ابتدائی جائزے کے بعد یہ رائے قائم کی گئی ہے کہ معاملہ مزید تفصیلی قانونی تحقیقات کا متقاضی ہے۔ اسی بنیاد پر ضابطہ فوجداری کی دفعہ 196 کے تحت متعلقہ ضلعی پولیس حکام کو کارروائی مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

حکومتی احکامات کے مطابق ایس ایس پی مظفرآباد کو شوکت نواز میر جبکہ ایس ایس پی میرپور کو خواجہ مہران ارشد کے خلاف تحقیقات مکمل کرکے متعلقہ عدالتوں میں چالان پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق 6 جون کو سامنے آنے والی ایک مبینہ آڈیو کال میں دونوں شخصیات کے درمیان راولاکوٹ میں ریاستی اداروں کے خلاف کارروائیوں، محاصرے اور ممکنہ تصادم سے متعلق گفتگو سامنے آئی تھی، جسے بعد ازاں بعض میڈیا اداروں نے بھی نشر کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ آڈیو میں زیر بحث آنے والے نکات اور بعد میں راولاکوٹ میں پیش آنے والے واقعات کے درمیان ممکنہ تعلق کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

حکام کے مطابق تحقیقات کے دوران ریاستی اداروں پر حملوں، عوامی املاک کو نقصان پہنچانے، امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور اشتعال انگیزی سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

دریں اثناء شوکت نواز میر کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مقدمہ حکومت آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ داخلہ کی جانب سے 9 جون کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کی روشنی میں درج کیا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شوکت نواز میر کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 124-A کے تحت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے اپنی تقاریر، تحریروں اور الیکٹرانک مواصلات کے ذریعے عوام کو بغاوت پر اکسانے کی کوشش کی۔

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے بعد مظفرآباد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ متعلقہ شواہد اور ریکارڈ بھی اکٹھا کیا جا رہا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تحقیقات قانون کے مطابق آگے بڑھائی جائیں گی اور دستیاب شواہد کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US