کراچی کے مشہور تجارتی مرکز طارق روڈ پر وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ایک نامور جیولر کی دکان پر چھاپے کے بعد تاجروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مارکیٹ بند کردی اور سڑک پر ٹائر جلا کر ٹریفک بلاک کردیا۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر حکام نے خفیہ اطلاع پر طارق روڈ پر واقع 'لبرٹی جیولرز' پر کارروائی کی۔ چھاپے کے دوران ٹیکس حکام نے دکان کے عملے سے پوچھ گچھ کی اور خریدو فروخت کا اہم ریکارڈ طلب کیا۔ صرافہ ایسوسی ایشن نے بھی لبرٹی جیولرز پر ایف بی آر کے چھاپے کی تصدیق کی ہے۔
ٹیکس حکام کی اس اچانک کارروائی کے خلاف طارق روڈ کے دکاندار اور سنار برادری شدید اشتعال میں آگئے اور انہوں نے یکجہتی کے طور پر اپنی تمام دکانیں اور کاروبار فوری بند کر دیے۔
مظاہرین دکانیں بند کر کے بطور احتجاج سڑکوں پر نکل آئے، جہاں انہوں نے ایف بی آر کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور سڑک پر ٹائر جلا کر ہر قسم کی ٹریفک کو معطل کردیا۔
تاجروں کے اس احتجاج اور روڈ بلاک ہونے کے باعث طارق روڈ اور اس سے متصل شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔