جنوبی وزیرستان لوئر کے صدر مقام وانا میں رستم بازار کے قریب خوفناک بم دھماکے کے نتیجے میں معروف مذہبی و قومی شخصیت مفتی جنا میر جاں بحق ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ ایک ٹارگٹڈ حملہ تھا، جس میں دہشت گردوں نے رستم بازار کی عمارت کے نچلے فلور پر پہلے سے نصب بارودی مواد کو دھماکے سے اڑا دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کردیا۔ مقامی ڈی ایس پی کا کہنا ہے کہ پولیس نے واقعے کی تمام زوایوں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔
مفتی جنا میر جنوبی وزیرستان میں امن و امان کی بحالی اور علاقے کی ترقی کے لیے ایک نمایاں اور سرگرم کردار ادا کر رہے تھے۔ وہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے قائم قومی امن جرگے کے باقاعدہ رکن اور اہم مقرر تھے، جہاں وہ ہمیشہ علاقے کی بہتری، امن کی پاسداری اور یکجہتی کے لیے آواز بلند کرتے رہتے تھے۔ ان کی ناگہانی وفات پر علاقے میں گہرے دکھ اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔