پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے آنے والی اشیا پر پابندی عائد کرنے کے برطانیہ کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی مسلسل توسیع بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ غیر قانونی بستیوں کی توسیع دو ریاستی حل کے حصول اور خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری عالمی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
پاکستان نے کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، آئس لینڈ، آئرلینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، اسپین اور سویڈن سمیت دیگر ممالک کی جانب سے بھی اسی نوعیت کے اقدامات پر غور کرنے کے اعلانات کا خیرمقدم کیا ہے۔
دفتر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات کو مسترد کرنے کے حوالے سے ایک واضح اور دوٹوک پیغام ثابت ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان ماضی کی طرح آئندہ بھی فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔
پاکستان ایک خودمختار، آزاد اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا، جو 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر قائم ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔