روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور روس کے سیکیورٹی اداروں کے درمیان قریبی روابط اور باہمی رابطہ کاری بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روس کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں، بالخصوص سیکیورٹی کے میدان میں عملی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق روسی وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان سیکیورٹی تعاون کے فروغ اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر قریبی اشتراک کی اہمیت اجاگر کی گئی۔