وزیراعظم سے عالمی مشاورتی فرم کے وفد کی ملاقات، معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ادارہ جاتی اور اقتصادی اصلاحات، معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن، میرٹ اور شفافیت کے فروغ کے ذریعے معاشی ترقی اور خوشحالی کے حصول کے لیے کوشاں ہے، حکومت برآمدات پر مبنی ترقی اور پیداواری معیشت کے قیام کے لیے بنیادی اصلاحات کر رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے بین الاقوامی مشاورتی فرم الویریز اینڈ مارسل (اے اینڈ ایم) کے شمالی امریکا آپریشنز کے منیجنگ ڈائریکٹر پیٹر بریگز نے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں معاشی اصلاحات، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، نجکاری اور پاکستان میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی معیشت کو بین الاقوامی منڈیوں کے لیے مزید کھولنے اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ اقتصادی ماہرین سے مشاورت کے لیے پُرعزم ہے۔ اقتصادی اور مالیاتی استحکام کے حصول کے بعد حکومت اب گہری اور بنیادی نوعیت کی ادارہ جاتی اصلاحات پر توجہ دے رہی ہے، جن کا مقصد برآمدات پر مبنی ترقی اور پیداواری معیشت کے نئے دور کا آغاز ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت صنعتی شعبے کی کارکردگی اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کے ساتھ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ سرکاری ملکیتی اداروں کی معاشی افادیت اور پائیداری کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ قومی معیشت کی بہتری اور اقتصادی ترقی کے لیے ان اداروں کی نجکاری کی حکمت عملی پر بھی عمل کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے ماہرین کی ٹیم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل افرادی قوت اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی ترقی کو مستحکم کرنے کے لیے مؤثر اور تجربہ کار بین الاقوامی مشاورتی اداروں کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری کے لیے تیار ہے۔

اس موقع پر پیٹر بریگز نے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی اقتصادی ماہرین کے ساتھ روابط بڑھانے کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول اور پیداواری معیشت کے قیام کے لیے اپنی فرم کی جانب سے تعاون اور مؤثر رابطہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام شریک ہوئے۔

الویریز اینڈ مارسل کے وفد میں دبئی کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر رضا باقر، لندن کے منیجنگ ڈائریکٹر طارق حمید اور استنبول کے منیجنگ ڈائریکٹر اونور اوکوتور بھی شامل تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US