اوتھل زیرو پوائنٹ کے مقام پر مسافر بس اور وین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، حادثے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق حادثہ اوتھل زیرو پوائنٹ پر پیش آیا جہاں مسافر کوچ اور وین آپس میں ٹکرا گئیں۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ 12 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 9 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والی مسافر کوچ گوادر سے کراچی جا رہی تھی، جبکہ وین کراچی سے لسبیلہ کی جانب رواں دواں تھی۔
حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق زخمیوں کی حالت اور حادثے کی مزید تفصیلات سامنے آنے پر صورتحال واضح ہوگی۔