عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 11 دسمبر کو طلب کرلیا گیا ہے، جس میں پاکستان کے لیے قرض پروگرام کی آئندہ قسط کی منظوری متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کے لیے مجموعی طور پر 1.2 ارب ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دی جا سکتی ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ اکتوبر میں طے پایا تھا، جس کے بعد موجودہ پروگرام کے تحت اگلی قسط کی راہ ہموار ہوئی۔
پاکستان کے لیے موجودہ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت پانچویں قسط کے حصول کے لیے چوتھا جائزہ اکتوبر میں مکمل کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں پاکستان کو تقریباً ایک ارب ڈالر کی قسط ملنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسیلٹی (آر ایس ایف) پروگرام کے تیسرے جائزے کے لیے بھی مذاکرات کیے گئے۔ اس پروگرام کے تحت پاکستان کو تقریباً 21 کروڑ ڈالر کی چوتھی قسط ملنے کا امکان ہے۔
یوں ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو ای ایف ایف اور آر ایس ایف پروگرامز کے تحت مجموعی طور پر تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی مالی معاونت حاصل ہوسکے گی۔