وزیراعظم کی 24.4 ارب کی ٹیکس بے ضابطگیوں پر بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت

image

وزیراعظم کی زیرصدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے ملک کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر کسٹمز کلیئرنس، امیگریشن اور دیگر آپریشنز کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکیننگ سسٹم جلد فعال کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکیننگ سسٹم نصب کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے مسافروں کے سامان کو خودکار طور پر گرین اور ریڈ چینلز میں منتقل کیا جا سکے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر کے کراچی اور لاہور کے دوروں اور تاجر و صنعتکار برادری سے ملاقاتوں کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے، جس سے تجارت، برآمدات اور سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے بانڈیڈ ویئر ہاؤسز کے حالیہ آڈٹ کے دوران سامنے آنے والی ٹیکس بے ضابطگیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے بے ضابطگیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی اور واجبات کی ریکوری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے بانڈیڈ ویئر ہاؤسز کے آڈٹ کے دوران 24.4 ارب روپے کی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، جن کی قانونی طریقہ کار کے مطابق ریکوری کی جا رہی ہے۔

اجلاس کو جدید کارگو ٹریکنگ سسٹم پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ اس نظام کے ذریعے سامان کی ترسیل کو لوڈنگ سے ڈیلیوری تک ایک ہی ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا، جبکہ ای-بلٹی، رسک مینجمنٹ سسٹم، فیلڈ انفورسمنٹ اور اینالیٹکس ڈیش بورڈ بھی اس کا حصہ ہوں گے۔ نظام کے مؤثر نفاذ کے لیے صوبائی نمائندگی پر مشتمل اسٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی جا رہی ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ملک بھر میں دریائے سندھ کے پلوں پر انڈس کلکٹریٹ نے کام شروع کر دیا ہے، جہاں 856 اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انڈس کلکٹریٹ کی جانب سے اب تک 302 کارروائیوں کے دوران ایک ارب 84 کروڑ 90 لاکھ روپے مالیت کی غیر قانونی اشیا قبضے میں لی گئی ہیں۔

اجلاس میں سیلز ٹیکس کی وصولی بہتر بنانے کے لیے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان کی چار بڑی ٹیکس پیئر یونٹس میں سیلز ٹیکس کے الگ زونز قائم کرنے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

پرال (PRAL) کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیٹا انٹیگریٹی کے لیے متعدد سافٹ ویئرز میں اضافی سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جا چکے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ماضی میں فاٹا اور پاٹا ٹیکس استثنیٰ کی آڑ میں ایف بی آر افسران کی جانب سے غیر مجاز کنزمپشن سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے، جن پر متعلقہ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی جاری ہے۔

اجلاس کو چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیموں کے کراچی اور لاہور کے دوروں کے نتائج سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ کاروباری برادری کے متعدد مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔ ایف بی آر کراچی کی جانب سے کورنگی انڈسٹریل اسٹیٹ میں دفتر قائم کیا جا رہا ہے تاکہ صنعتکاروں کو ان کی دہلیز پر ایف بی آر کی خدمات فراہم کی جا سکیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US