کوئٹہ میں صوبائی حکومت نے انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی گرفتاری میں مدد دینے اور ان کے ٹھکانوں سے متعلق مستند اطلاعات فراہم کرنے والے شہریوں کے لیے خطیر نقد انعامات کا فیصلہ کیا ہے۔
معاون وزیر داخلہ برائے میڈیا امور بابر یوسفزئی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق مطلوب عناصر کے سروں کی قیمت پانچ کروڑ سے پچیس کروڑ روپے تک مقرر کی گئی ہے۔
ان میں رحمان گل اور بشیر زیب کی نشاندہی کرنے والوں کے لیے الگ الگ پچیس کروڑ روپے بطور انعام مختص کیے گئے ہیں، جبکہ دیگر اشتہاری دہشت گردوں کی اطلاع دینے پر بھی بھاری انعامی رقوم رکھی گئی ہیں۔
صوبائی حکومت نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ امن و امان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور دہشت گردوں کے حوالے سے مصدقہ معلومات فوری طور پر فراہم کریں۔