جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ اس وقت لاہور میں ریاستی حصار میں ہیں شہر کے راستے بند اور جگہ جگہ ناکے لگائے گئے ہیں جس کے باعث انہیں لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلا سے خطاب سے روک دیا گیا۔
اپنے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جبر کو کبھی دوام حاصل نہیں ہوتا، ہم کسی حکمران یا ریاستی ادارے سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ لینے نہیں آئے اور اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 26 نومبر کو سرگودھا میں ہر صورت جمعیت علمائے اسلام کی کانفرنس منعقد ہوگی۔ ان کے مطابق سرگودھا ڈویژن میں کارکنوں کی گرفتاریاں کی جا رہی ہیں اور کاروبار و دکانیں بند کرائی جا رہی ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ معدنی ذخائر عوام کی ملکیت ہیں اور کسی طاقتور ادارے کو عوام کے وسائل پر قبضے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امن، عوامی حقوق اور قومی وحدت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔