جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سرگودھا میں جلسے کی اجازت نہ ملنے اور پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کارکنوں اور عوام کو گھروں سے نکلنے، شاہراہیں اور موٹرویز بند کرنے کی کال دے دی۔
اپنے ویڈیو بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی نے 26 نومبر کو سرگودھا میں کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا تھا اور یہ فیصلہ اب بھی برقرار ہے، تاہم سرگودھا جانے والے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں جبکہ جلسہ گاہ پر بھی پولیس نے قبضہ کر رکھا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے مرکزی دروازوں پر کنٹینرز کھڑے کرکے نقل و حرکت محدود کردی گئی ہے۔ سرگودھا جانے والے راستوں، موٹرویز، چشمہ، میانوالی، خوشاب اور فیصل آباد کے علاقوں میں بھی مبینہ طور پر راستے بند کیے گئے ہیں، جس کے باعث شہر میں کرفیو جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرگودھا، خوشاب اور راولپنڈی سے ڈیرہ غازی خان تک جے یو آئی کے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ مرکزی ناظم عمومی مولانا عبدالغفور حیدری، صوبائی امیر جے یو آئی پنجاب مولانا امجد خان اور دیگر رہنماؤں کو بھی حراست میں لینے کا دعویٰ کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جلسہ گاہ تک پہنچنے یا نہ پہنچنے کی صورت میں ملک بھر کے کارکن اور عوام سڑکوں پر نکلیں، تمام شاہراہیں اور موٹرویز بند کریں اور احتجاج ریکارڈ کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو آئینی اور جمہوری حق کے تحت جلسے کرنے سے کیوں روکا جا رہا ہے اور کارکنوں پر تشدد کیوں کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے بھی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری، پنجاب کے امیر مولانا امجد خان اور جے ٹی آئی کے مرکزی صدر ملک اویس کو پنجاب پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
اسلم غوری نے سوال اٹھایا کہ کیا ملک میں مارشل لا نافذ ہوچکا ہے کہ سیاسی اجتماعات پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں؟ انہوں نے خبردار کیا کہ گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو فوری رہا نہ کیا گیا تو حالات کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوگی۔
جے یو آئی پنجاب کے جنرل سیکریٹری نصیر احرار نے بھی گرفتاریوں اور راستوں کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کارکن پُرامن رہتے ہوئے سرگودھا جلسے کی جانب روانہ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جی ٹی روڈ، موٹروے اور دیگر راستے بند کرکے عوام کو مشکلات میں ڈالا جا رہا ہے۔
جے یو آئی قیادت نے گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج اور شٹر ڈاؤن کی کال دی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ سرگودھا کانفرنس کا انعقاد ان کا فیصلہ ہے اور اسے روکنے کی کوششوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔