مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل

image

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ کو مقامی انتظامیہ نے سیل کردیا، جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے بیٹے اسجد محمود کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ہفتے کی صبح علاقہ مجسٹریٹ اپنی ٹیم اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے۔ کارروائی کے دوران گھر کی جانب جانے والے راستوں کو بند کردیا گیا.

اہل خانہ کی روانگی کے بعد کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے حکام نے رہائش گاہ کو سیل کردیا۔

سی ڈی اے کی جانب سے جاری چار صفحات پر مشتمل حکم نامے کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس فور میں واقع 1200 مربع گز کا یہ مکان امان اللہ نامی شخص کے نام تھا۔

سرکاری اداروں کی رپورٹس میں امان اللہ کو غیر ملکی شہری قرار دیا گیا ہے، جبکہ خاندانی ریکارڈ میں تضاد سامنے آنے پر نادرا ان کا پاکستانی شناختی کارڈ بھی منسوخ کر چکا ہے۔

سی ڈی اے نے 25 نومبر کو مکان کے مالک کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 26 نومبر کو پیش ہو کر وضاحت دینے کی ہدایت کی تھی۔ امان اللہ کی عدم موجودگی کے باعث نوٹس گھر کے احاطے میں چسپاں کردیا گیا تھا۔

مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہونے کے بعد سی ڈی اے نے دستیاب سرکاری دستاویزات اور نادرا کی تصدیقی رپورٹ کی بنیاد پر مکان کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

سی ڈی اے کے مطابق پاکستان میں کسی بھی غیر ملکی شہری کو پیشگی تحریری اجازت کے بغیر زمین یا جائیداد حاصل کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ اسی بنیاد پر مولانا فضل الرحمان کے زیرِ استعمال رہائش گاہ کے خلاف کارروائی کی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US