پاکستان کی خلائی تحقیق کے سفر میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں سپارکو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پر موجود پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سے براہِ راست رابطہ کیا۔
گفتگو کے دوران ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نے بتایا کہ وہ زمین سے 400 کلومیٹر کی بلندی پر 7.9 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے سفر کرتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے چینی ساتھیوں کے ساتھ سائنسی تجربات اور تحقیق میں مصروف ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس کامیابی کو پوری قوم کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذیشان علی کی محنت اور مستقل مزاجی نے پاکستان کے لیے خلائی تحقیق کے نئے راستے کھول دیے ہیں۔ انہوں نے خلا باز کے اہل خانہ، تربیتی ماہرین، سپارکو کی ٹیم اور چینی اداروں کو بھی مبارکباد دی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس مشن کو پاکستان اور چین کے مضبوط تعلقات کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی اب خلا تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے ذیشان علی کی کامیابی کو علامہ اقبال کے نوجوانوں سے متعلق تصور کی عملی تعبیر اور نئی نسل کے لیے قابلِ تقلید مثال قرار دیا۔
محمد ذیشان علی نے ملکی قیادت کی جانب سے حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی نمائندگی کرنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنی تحقیقی ذمہ داریاں پوری لگن سے انجام دے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے اس موقع پر واضح کیا کہ پاکستان خلا کو پُرامن مقاصد اور انسانیت کی بھلائی کے لیے استعمال کرنے کا حامی ہے۔ خلائی اسٹیشن پر ہونے والے سائنسی تجربات سے نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سائنسی برادری بھی فائدہ اٹھا سکے گی۔
گفتگو کے اختتام پر وزیراعظم نے محمد ذیشان علی اور مشن میں شریک دیگر خلا بازوں کی سلامتی اور بحفاظت واپسی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔